فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیل کے درمیان مصر کی نگرانی میں 72 گھنٹے کی عارضی جنگ بندی پر عمل درآمد سے کوئی ایک گھنٹہ پیشتر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں جنوبی غزہ میں خان یونس کے مقام پر ایک جامع مسجد شہید ہوگئی۔
خبر رساں ایجنسی "قدس پریس” نے ایک فیلڈ آبزرویٹر کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب مقامی وقت کے مطابق گیارہ بجے اسرائیل کے "ایف 16” جنگی طیاروں نے خان یونس میں جامع مسجد الابرار پر میزائل داغے جس کے نتیجے میں مسجد مکمل طور پر شہید ہوگئی۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی 36 روز سے جاری وحشیانہ بمباری میں جامع مسجد الابرار پہلی مسجد نہیں جو شہید ہوئی ہے بلکہ بمباری میں اب تک 64 مساجد مکمل طور پر شہید ہوچکی ہیں جبکہ 150 کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ 12 جولائی کے بعد سے جاری اسرائیلی وحشیانہ بمباری میں کم سے کم 1940 فلسطینی شہری شہید اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوچکے ہیں۔
