غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کی جانب سے واپسی مارچ میں شامل مظاہرین پر فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے حالیہ واقعہ میں اسرائیلی فوج نے خزاعہ قصبے کے قریب فائرنگ کر کے دو فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ دونوں شہداء کی شناخت 23 سالہ بہاء قدیح اور 20 سالہ محمد ابو ریدہ کے نام سے کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے ابو ریدہ کے علاقے میں سرحدی باڑ کے قریب موجود فلسطینی نوجوانوں پر فائرنگ شروع کردی۔نمائندے کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے جائے وقوعہ پر گولی کا شکار ہونے والے افراد کی مدد کرنے کی کوشش کرنے والے افراد اور طبی عملے کے اوپر بھی فائرنگ کی۔ طبی عملے کو فائرنگ کے آدھے گھنٹے کے بعد موقع پر پہنچنے دیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ صیہونی فوج نے سرحد کو عبور کرنے کی کوشش کرنے والے دو فلسطینیوں کو گولی مار کر قتل کردیا ہے۔