غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی وزارت داخلہ اور بارڈر حکام کا کہنا ہے کہ مصری حکام کی طرف غزہ کی پٹی کی بین الاقوامی گذرگاہ ’رفح‘ کو تین روز تک کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مصری حکام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ رفح کراسنگ پوائنٹ کو سوموار، منگل اور بدھ کے ایام میں دو طرفہ آمد ورفت کے لیے کھولا جائے گا۔فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سفرکے خواہش مند شہریوں کے کوائف جمع کیے گئے ہیں، مصری حکام کے ساتھ کوآرڈینیشن کے بعد وزارت داخلہ کی ویب سائیٹ پر مسافروں کے نام اور پتے کی تفصیلات جاری کردی جائیں گی۔
خیال رہے کہ رفح گذرگاہ غزہ کے 20 لاکھ آبادی والے علاقے کی بین الاقوامی برادری سے رابطے کی واحد راہ داری ہے جو سنہ 2013ء میں مصر میں قائم ہونے والی فوجی حکومت کے بعد بیشتر اوقات بند رہتی ہے۔