غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس میں بدھ کی رات اسرائیلی فوج نے گھروں میں سوئے شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک دس سالہ بچہ شہید اور متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بدھ کے روز مشرقی خان یونس میں القرارہ کے مقام پر فلسطینی شہری اسرائیلی اپنے گھروں میں موجود تھے کہ ان پر اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کی گئی۔ گھر میں سوئے ہوئے گولیاں لگنے سے ایک 10 سالہ فلسطینی لڑکا شہید ہو گیا۔ شہید بچے کی شناخت عبداللہ نصرابو مضیف کے نام سے کی گئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے خان یونس میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پر بھی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے پلاسٹک کے بنے عارضی شیلٹر میں سوئے بچے ابو مضیف کو گولیاں ماری گئیں، جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی۔
اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں فلسطینی بچے کو کئی گولیاں لگیں ،جس کے نتیجے میں بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسے اسپتال پہنچایا گیا تو وہ کچھ ہی دیر بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
واضح رہے کہ صیہونی فوجیوں نے بیت المقدس میں فلسطینی جوانوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران فائرنگ کر کے ایک فلسطینی جوان کو شہید اور پانچ کو زخمی کر دیا ہے۔انتفاضہ قدس کے شہدا کی تعداد دو سو چون ہوگئی ہے۔
