مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کوبتایا کہ جمعرات کو علی الصباح صہیونی فوج کے "ایف 16 ” جنگی طیاروں نےشمال مغربی غزہ میں المقوسی کے مقام پر اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک خالی کمپائونڈ پر میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں مکان کو نقصان پہنچا تاہم اس کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
اسی طرح علی الصباح جنگی طیاروں کی مدد سے دو اور میزائل بھی وسطی غزہ میں ابو جراد کے مقام پر القسام بریگیڈ کے مراکز پر گرائے گئے تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ایک اور حملہ حطین کے مقام پرکیا گیا جس میں مزاحمتی کمپائونڈ کو دو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے مختلف مقامات پر بمباری کے ساتھ ساتھ نچلی پروازوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ خدشہ ہے کہ دشمن کے فوجی طیارے مزید بمباری بھی کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ بدھ کی شام اسرائیلی فوج نے عسقلان کے قریب "شاعرھنیگیو” کے مقام پر تین راکٹ گرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ راکٹ مبینہ طورپر غزہ کی پٹی سے داغے گئے تھے تاہم غزہ کی پٹی میں کسی مزاحمتی تنظیم کی جانب سے راکٹ حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔
اسرائیلی ملٹری پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے تین راکٹوں کے گرنے کی نشاندہی کی جو غزہ کی پٹی سے داغے گئے تھے تاہم ان کے پھٹنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ راکٹ حملوں کے بعد اسرائیلی وزیر زراعت کا ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ غزہ کی پٹی سے داغے گئے راکٹ حملوں کا پوری قوت سے جواب دیں گے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
