غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ)اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے جمعہ کے روز اردن میں وفات پانے والے اخوان المسلمون کے رہ نما عبداللطیف عربیات کی وفات پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے ٹیلیفون پر ڈاکٹر عبداللطیف عربیات کی وفات پر ان سے تعزیت کی۔
انہوں نے اخوان المسلمون کے جنرل سپروائزر عبدالحمید الذنبیات کو بھی ٹیلیفون کیا اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اسماعیل ھنیہ نے مرحوم عبداللطیف کی قضیہ فلسطین، القدس اور عرب ممالک کی اسلامی قوتوں کے ساتھ یکجہتی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عبداللطیف عربیات نے پوری زندگی قضیہ فلسطین کے حق میں منصفانہ جدو جہد جاری رکھی۔
خیال رہے کہ عبداللطیف عربیات گذشتہ جمعہ کے روز نماز جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے اچانک انتقال کر گئے تھے۔