غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی حکومت کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ خلیجی ریاست کویت کی جانب سے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جنگ سے متاثرہ شہریوں کے لیے مجموعی طور پر9 ملین ڈالر کی امدادی رقم وصول ہوچکی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزیر برائے پبلک افیئرز مفید الحساینہ نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ کویت کی طرف سے دی گئی امدادی رقم اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے 1055 خاندانوں میں تقسیم کی جائے گی۔ ان میں سے 697 خاندانوں کو امدادی رقم کی دوسری اور 358 کو تیسری قسط جاری کی جائے گی۔مفید الحساینہ نے کویتی حکومت کی طرف سے امدادی رقم فراہم کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ غزہ کی پٹی میں اپنی مدد آپ کے تحت گھروں کی تعمیر کے لیے اسرائیل کی جانب سے سیمنٹ غزہ لے جانے کی اجازت دی ہے جسے 1500 فلسطینی شہری مستفید ہوں گے۔