(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی شہری دفاع کے مطابق غزہ پٹی میں مصر کی سرحد کے نزدیک سرنگ گرجانے کے نتیجے میں جمعرات کی صبح سے 7 فلسطینی پھنسے ہوئے ہیں۔
غزہ میں شہری دفاع کے ایک ذمہ دار کے مطابق "رفح کے جنوب میں صلاح الدین گیٹ وے کے علاقے میں سرحدی پٹی کے نیچے واقع سرنگ گرنے سے اس میں کام کرنے والے 7 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں”۔ذمہ دار کا کہنا ہے کہ "یہ ساتوں ورکر ابھی تک سرنگ کے گڑھے میں موجود ہیں اور ریسکیو ٹیمیں ان کو نکالنے کی کوشش میں مصروف ہیں”.. ان میں 6 کے ساتھ رابطہ بحال ہے جب کہ ایک شخص کے ساتھ رابطہ منقطع ہے۔
شہری دفاع نے بتایا کہ یہ سرنگ مصری فوج کی جانب سے اس کے اندر سمندی پانی چھوڑ دینے کی وجہ سے منہدم ہوئی۔
رواں سال کے آغاز سے اب تک سرنگوں کے گرنے کے واقعات میں 12 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں 10 کا تعلق حماس تنظیم کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈز سے ہے۔
بعض لوگ سرنگیں گرنے کے واقعات کو موسم سرما کی ماحولیاتی صورت حال کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں جب کہ بعض لوگوں کے نزدیک اس کی وجہ مصر کی جانب سے سرحد پر ایک بفرزون کی تعمیر اور پھر اس کو پانی میں ڈبو دینا ہے۔