محصورغزہ میں اسرائیلی دہشتگردی کےخلاف ہونےوالے ہفتہ وار احتجاج "حق واپسی ” پر اسرائیلی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دو فلسطینی شہید اور 81 زخمی ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین جُمعہ کو غزہ کی مشرقی سرحد پر اسرائیل کی جانب سے گزشتہ 12سالوں سے کی جانے والی غیر قانونی ناکہ بندی کے خاتمے اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی کے لیے ہونے والے ہفتہ وار پرامن مظاہرے "حق واپسی "پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو فلسطینی 22سالہ احمد ابوالخیر اور 34 سالہ راشد شہید ہوگئے جبکہ دو امدادی کارکنان سمیت 81 فلسطینی زخمی ہوئے۔
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹراشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں دو امدادی کارکن بھی شامل ہیں۔ ایک زخمی شہری کے سینےمیں گولی لگی ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ غزہ کے فلسطینی 30 مارچ 2018ء سے غزہ کی سرحد پر علاقے کی 12 سال سے جاری معاشی ناکہ بندی کے خلاف اور فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی کےلیے احتجاج کررہے ہیں۔ یہ احتجاج مسلسل 63 ہفتوں سے جاری ہے۔ قابض صہیونی فوج فلسطینیوں کے احتجاج کو کچلنے کے لیے طاقت کا استعمال کرتی ہے جس کے نتیجے میں گذشتہ ایک سال کے دوران اب تک 300 فلسطینی مظاہرین شہید اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہو چکے ہیں۔

