مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ وزارت صحت کی جانب سے صہیونی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں شہید اور زخمی ہونے والے شہریوں کی تفصیلات جاری کی ہیں اور تصدیق کی ہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج کی بیت لاھیا اور بیت حانون میں ننگی جارحیت میں سینتالیس فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ شمالی غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے بیت حانون میں قابض صہیونی فوج کی بھاری توپخانے سے کی گئی بمباری کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 05 افراد بھی شہید ہوئے۔ شہداء میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
جنوبی غزہ میں رفح اور خان یونس کے مقامات پر گولہ باری سے ایک درجن کے قریب فلسطینی جام شہادت نوش کر گئے۔ خان یونس میں صہیونی فوجیوں نے حجر الدیک کے مقام پر تباہ کن حملے کیے جس میں کئی شہریوں کے زخمی اور درجنوں مکانات تباہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری سے کچھ دیر قبل بیت لاھیا کے شہریوں کو گھر خالی کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ جس کے بعد کچھ فلسطینی خاندان محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے لیکن اکثریت سے گولہ باری کے باوجود گھر بار چھوڑنے سے انکار کر دیا۔ بعدازاں اسرائیلی ٹینکوں سے گولہ باری کے نتیجے میں بیت لاھیا میں 15 مکانات مکمل طور پر ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیے گئے۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی بزدل فوج نے گذشتہ آٹھ جولائی سے وحشیانہ حملے شروع کر رکھے ہیں۔ ان حملوں میں اب تک تین سو کے قریب شہری شہید اور2200 زخمی ہو چکے ہیں۔ بمباری کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر شہری املاک اور مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
