بدھ کی صبح غزہ کے المنارہ کوارٹر میں ایک فلسطینی مزاحمتی سائٹ پر ایک دھماکے کے نتیجے میں تین فلسطینی شہری جاں بحق اور گیارہ زخمی ہوگَئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے نے وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ کے حوالے سے بتایا کہ اس پراسرار دھماکے کے بعد تین ہلاک شدگان اور گیارہ زخمیوں کو غزہ کے یورپین ہسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔ ان تمام افراد کی ابھی تک شناخت نہیں کی جاسکی تھی۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں اور ہلاک شدگان کو منتقل کرنے کے عمل کے دوران ایک اور دھماکا سننے میں آیا تھا جس کی وجہ سے مزید جانی نقصان بھی ہوا ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے بتایا ہے کہ دوسرے دھماکے کے نتیجے میں سول ڈیفینس کے چار اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ اس وقت سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور تفتیشی عمل جاری ہے۔