فلسطینی شہر غزہ کی پٹی پر اسرئیلی فوج کے پچھلے پانچ ایام سے جاری فضائی حملوں میں کم سے کم 282 مکانات ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے ہیں، یہ تمام فلسطینیوں کے رہائشی مکانات ہیں۔
فلسطینی وزیرمحنت مفید الحسائنہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ فضائی حملوں میں 282 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 8910 مکانوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے، ان میں 260 مکان منہدم تو نہیں ہوئے تاہم بمباری کے نتیجے میں وہ ڈھانچے بن گئے ہیں رہائش کے قابل نہیں رہے ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ پیر کی شام سے اسرائیلی فوج کے غزہ کی پٹی پر فضائی حملوں میں ایک سو نو فلسطینی شہید اور آٹھ سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ رات کو غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے میزائل حملوں کی آوازیں سنائی دیتی رہی ہیں جن میں ہونے والی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں۔ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔