غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر جُمعہ کے روز حق واپسی احتجاجی مارچ کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ جُمعہ کو مشرقی غزہ کی سرحد پر احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے گولیاں چلائیں اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 25 سالہ احمد یحیٰی عطا اللہ یاغی شہید اور 220 شہری زخمی ہوگئے۔ 90 فلسطینی براہ راست فائرنگ سے زخمی ہوئے جب کہ بڑی تعداد میں فلسطینی مظاہرین آنسوگیس کی شیلنگ میں زخمی ہوگئے۔