غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوجیوں نے ایک بار پھر فلسطینیوں کے پرامن واپسی مارچ پر وحشیانہ فائرنگ کرکےکم سے کم دو فلسطینیوں کو شہید اور 84 کو زخمی کردیا ہے
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے بتایا کہ صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے پرامن واپسی مارچ پر وحشیانہ فائرنگ کرکے ایک بار پھر دو فلسطینیوں کو شہید اور اور 84 کو زخمی کردیا ہے۔بیت المقدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کی بربریت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور جمعے کو ایک بار پھر فلسطینیوں کے پر امن واپسی مارچ پر صیہونی جارحیت کے نتیجے میں دو فلسطینی شہید اور84 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں میں زیادہ تر بچے اور عورتیں ہیں۔
غزہ کے فلسطینیوں نے مسلسل بیسویں ہفتے جمعے کو پرامن واپسی مارچ نکالا اور اپنے حقوق کی بازیابی تک اپنی جائز جد وجہد جاری رکھنے پر زور دیا- اس دوران غزہ کے شمال میں البریج کیمپ کے قریب صیہونی فوجیوں نے شدید فائرنگ کردی -گذشتہ انیس ہفتے سے اسرائیلی فوج کی غزہ کے شہریوں پر بہیمانہ فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ایک سوپچپن سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ تقریبا سترہ ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے جن میں سے بہت سے فلسطینیوں کی حالت نازک ہے ۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج فلسطینیوں کے پرامن مظاہرے کو کچلنے کے لئے براہ راست گولیوں کا استعمال کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود نہ فقط عالمی ادارے خاموش ہیں بلکہ امریکہ کھل کر اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے۔
ادھر فلسطینی قیدیوں کے امور کے مرکزنے بھی خبردی ہے کہ صیہونی حکومت نے صرف جولائی کے مہینے میں ساڑھے پانچ سو فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے – خبروں میں بتایا گیاہے کہ صیہونی فوجیوں نے جولائی میں جن فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے ان میں اسّی بچے اور انیس خواتین بھی شامل ہیں جبکہ صیہونی فوجیوں نے ان ستائیس غیر ملکی امدادی کارکنوں کو بھی گرفتار کرلیا ہے جو واپسی نامی فلوٹیلا کے ساتھ غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لئے غزہ کی جانب روانہ ہوئے تھے – ان غیر ملکی امدادی کارکنوں کو صیہونی فوجیوں نے اسدود بندرگاہ کے قریب گرفتار کیا تھا۔