غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر آتش گیر کاغذی جہاز صیہونی کالونیوں پر پھینکنے والے فلسطینیوں پر گذشتہ روز دو بار بمباری کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی فوج نے بمباری میں کاغذی جہاز اور آتش گیر غبارے اڑانے والوں کو رفح کے علاقے میں نشانہ بنایا۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے بغیر پائلٹ ڈرون طیارے نے فلسطینی شہریوں کے ایک گروپ پر میزائل داغا تاہم اس حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
قبل ازیں جمعرات کو ظہر کے بعد اسرائیلی فوج نے مشرقی رفح میں غبارے اڑانے والوں پر بمباری کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق مشرقی رفح میں صوفا کے مقام پر اسرائیلی ڈرون طیاروں نے دو بار بمباری کی۔ تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
خیال رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں نے اسرائیل پر کاغذی آتش گیر جہازوں اور غبارے پھینکنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں سرحد کی دوسری جانب اسرائیلی ریاست کی فصلوں اور دیگر املاک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
غزہ کی مشرقی سرحد پر جاری تحریک حق واپسی کے دوران فلسطینی شہریوں کا یہ اپنی نوعیت کا منفرد مزاحمتی طریقہ ہے جس نے صیہونی ریاست کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے۔ صیہونی فوج اس غباروں کی آڑ میں غزہ پر وحشیانہ بمباری تو کرتی ہے مگر کاغذی جہازوں کے سامنے بے بس ہے۔