الجزائر سے تعلق رکھنے والے پانچ انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے کارکنوں نے مصر کی جانب سے غزہ میں داخلے سے روکے جانے پر رفح کراسنگ کی مصری سائیڈ پر دھرنا دے دیا ہے۔
مصری حکام نے پیر کے روز الجزائر سے غزہ کے لئے آنے والی طبی امداد کو غزہ کی پٹی میں داخلے کی اجازت دیتے ہوئے اس کے ساتھ آںے والے پانچ سماجی کارکنان کو غزہ میں داخلے سے روک دیا۔
الجزائری قافلے کے میڈیا کوآرڈینیٹر نے ایک پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ ان کا دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ مصری حکام ان کو غزہ جانے کی اجازت نہیں دے دیتے ہیں۔ انہوں نے مصر کی جانب سے وفد کو غزہ جانے سے روکے جانے کے عمل پر انتہائی حیرت کا اظہار کیا۔
مصری حکام نے خان یونس میں ابھی حال ہی میں کھلنے والے الجزائری ہسپتال کے لئے تقریبا 30 لاکھ ڈالر مالیت کی ادویات کو غزہ میں بھیجنے کی اجازت دے دی تھی۔
دریں اثناء قابض اسرائیلی حکام نے نے یہودی چھٹیوں کے بہانے کرم ابو سالم کراسنگ کو دوسرے روز بھی بند کررکھا ہے۔ کرم ابو سالم غزہ کی واحد کمرشل کراسنگ ہے جس کے ذریعے سے سامان اور تیل غزہ میں لائے جاتے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
