مرکزاطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق سرنگ گرنے سے مارے جانے والے فلسطینی شہری کی شناخت محمد ولید اللحام کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 26 سال ہے اور وہ جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس سے تعلق رکھتا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ جنوبی غزہ میں رفح کےایک نشیبی علاقے میں پیش آیا۔ ذرائع نے بتاگیا کہ سرنگ گرنے سے شدید زخمی ہونے والے نوجوان کو یوسف النجار اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑگیا۔
خیال رہے کہ پچھلے سال مصری فوج نے جزیرہ نماسیناء میں پرتشدد واقعات کے بعد غزہ اور مصرکی سرحد پربنائی گئی زیرزمین سرنگوں کی مسمای کا آپریشن شروع کیا تھا۔ اس آپریشن میں دسیوں سرنگیں مسمار کردی تھیں۔ فلسطینی شہریوں کا موقف ہے کہ وہ ان سرنگوں کے راستے مصرسے اشیائے ضروریہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ غزہ کی پٹی پراسرائیل کی جانب سے عاید اقتصادی پابندیوں اور مصرسرحدی گذرگاہ رفح کی بندش کے باعث فلسطینیوں کے لیے زندگی بچانے کا اور کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فلسطینی مجبورا ان پرخطر سرنگوں کا سہارا لیتے ہیں جو بیشتر حادثات کا باعث بھی بنتی ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین