(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) خلیجی ریاست "قطر” کی جانب سے گزشتہ 13 سالوں سے اسرائیلی ناکہ بندی کا شکار "فلسطین” کے محصور شہر "غزہ” کے 50 ہزار غریب خاندانوں میں فی کنبہ ایک سو ڈالر کی امداد تقسیم کی گئی ۔
قطر کی جانب سے غریب اور مستحق فلسطینی بہن بھائیوں کیلئے جاری کی جانے والی امدادی رقم غزہ کے بینکوں اور ڈاک خانوں کے ذریعے مستحقین کو جاری کی گئی۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ "قطر” کی طرف سے "غزہ” کے ایک لاکھ خاندانوں میں فی کنبہ ایک سو ڈالرکی امداد تقسیم کی گئی تھی، قطری سفیر کا کہنا تھا کہ "دوحا” کی طرف سے "غزہ” کی پٹی کے محصورین کی مالی مدد کا مقصد غزہ کے عوام کی بہبود اور مالی بحران میں ان کی مدد کرنا ہے۔
خیال رہے کہ قطر نے اقوام متحدہ اور مصرکی کوششوں سے غزہ کی پٹی میں شہریوں کے معاشی استحکام کے لیے امداد کی فراہمی کا اعلان کیا تھا، اس ضمن میں قطر نے غزہ کے غریب اور مستحق شہریوں میں 30 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔