فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ کی ناکہ بندی کے خلاف سرگرم عالمی کمیٹی کے چیئرمین زاھر بیراوی نے بتایا کہ الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل کہ نامہ نگار اور ان کی معاون کیمرہ مین کو رہا کر دیا گیا ہے تاہم دیگر تمام خواتین بدستور صہیونی فوج کی تحویل میں ہیں اور ان سے تفتیش جاری ہے۔
فلسطینی خبر رساں ادارے’شھاب‘ نے زاھر بیراوی کا ایک بیان نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹر حربلو اور اس کی ساتھی فوٹو گرافر رہائی کے بعد لندن پہنچ گئی ہیں جہاں ان کی ملاقات ان سے ہیتھرو ہوائی اڈے پر ہوئی ہے۔ ان دونوں کو بھی اسرائیلی پولیس نے بدھ کی رات کھلے سمندر میں ایک کارروائی کے دوران یرغمال بنا لیا تھا۔ امدادی سامان کے ساتھ جہاز پر ایک درجن سے زاید خواتین امدادی کارکنان سوار تھی۔ ان سب کو کسی نامعلوم مقام پر لے جایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں یورپ اور بعض عرب ممالک کی خواتین پرمشتمل ایک امدادی کشتی غزہ کی پٹی کے محصورین کے لیے بھیجی گئی تھی۔ مگر اسرائیلی فوج نے امدادی جہاز کو غزہ جانے سے روک کر اس کا سامان لوٹ لیا اور جہاز پرسوار تمام خواتین کارکنان اور اس کے عملے کو یرغمال بنا لیا گیا ہے۔
