غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی طرف سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے غزہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے اسرائیل کے ایک بغیر پائلٹ جدید ترین ڈرون طیارے کو مار گرایا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے علاقے میں اپنے ایک ڈرون طیارے کے گم ہونے اور بعد ازاں نامعلوم وجوہات کی بناء پر گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی اخبار’نیوز ویب پورٹل‘ میں ’اسکائی رائیڈر‘ نامی ڈرون طیارہ مشرقی غزہ میں معمول کی پرواز پرتھا کہ اس دوران الشجاعیہ کے مقام پر گر کر تباہ ہوگیا۔ فوج نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا یہ طیارہ کیسے گر کر تباہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ساختہ ’اسکائی رائیڈر‘ اسرائیلی فوج کے پاس موجود جدید ترین ڈرون طیاروں میں سے ایک ہے۔ اڑھائی میٹر لمبے اس ڈرون کو کسی بھی جگہ حتیٰ کہ گھروں کی چھتوں سے بھی اڑایا جاسکتا ہے۔ HD کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس یہ ڈرون 500 سے 600 میٹر کی بلندی تک پرواز کرنے اور ہوا میں معلق رہنے کی بھی صلاحیت رکتھا ہے۔