ترکی کے وزیراعظم رجب طیب ایردوآن نے فلسطینی سیاسی جماعتوں بالخصوص اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] اور صدر محمود عباس کی جماعت
الفتح سے جلد از جلد صلح کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے درمیان اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ فلسطینیوں کی نمائندہ جماعتوں کےدرمیان پائے جانے والے اختلافات مسئلہ فلسطین کے حل کی راہ میں رکاٹ بن سکتے ہیں۔مرکز اطلاعات فلسطین کےمطابق استنبول میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم ایردوآن نے کہا کہ جب تک فلسطینی خود اپنی صفوں میں اتحاد پیدا نہیں کرتے تب تک عالم اسلام کا فلسطینیوں کے بارے میں اتحاد بے سود رہے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام فلسطینیوں کو ایک ایسی آزاد فلسطینی ریاست کے لیے مل جل کر جدو جہد کرنا ہوگی جو ہر پہلو سے آزاد ہو اور بیت المقدس کو اس خود مختار ریاست کا دارالحکومت قرار دیا جائے۔