غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد کے قریب ایک بم دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم چار اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ ہفتے کے روز غزہ اور سنہ انیس سو اڑتالیس کے دوران قبضے میں لے گئے فلسطینی علاقوں کے درمیان لگائی گئی باڑ کے قریب پیش آیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ کی سرحد کے قریب بم دھماکے میں چار اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کے بعد صیہونی فوج نے غزہ کے اندر توپ خانے سے گولہ باری کی ہے۔سرحدی باڑ کے قریب دھماکے کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ کے اندر بھاری توپ خانے سے گولہ باری کی ہے جس میں کم سے کم دو فلسطینی زخمی ہوگئے۔
صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی گولہ باری اور بم باری میں زخمی ہونے والے دو افراد کو یوسف النجار اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے سرحد پر دھماکے میں زخمی ہونے والے فوجیوں کی خبر کی تفصیلات روک دی ہیں۔ بعد ازاں نامہ نگار کو اطلاع ملی کہ سرحد پر دھماکے میں زخمی فوجیوں کی تعداد چار ہے، ان میں سے تین شدید زخمی ہیں جب کہ ایک کو معمولی زخم آئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بم دھماکے سے اسرائیلی فوج کے ٹینک کونشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ کے اندر مختلف اہداف پر تو پ خانے سے گولہ باری کی۔
ادھر اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹینکوں کی مدد سے غزہ کے اندر فلسطینی مزاحمت کاروں کے مراکز پر گولہ باری کی گئی ہے۔
ادھر فلسطینی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ مشرقی خان یونس کے مقام پر ہوا ہے تاہم اس میں فلسطینیوں کی طرف سے کسی فوجی کے زخمی ہونے کی تصدیق نہیں کی۔