غزہ ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کے ایک اعلان کے مطابق اس کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب غزہ پٹی میں حماس تنظیم کے ایک عسکری کمپاؤنڈ میں واقع ٹھکانے کو بم باری کا نشانہ بنایا۔ یہ کارروائی فلسطینیوں کی جانب سے جنوبی اسرائیل پر کیے جانے والے حملے کے بعد عمل میں آئی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے جنوبی اور شمالی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے مراکز پر بمباری کی۔صیہونی فوج کی طرف سے شمال مغربی قصبے رفح میں القسام بریگیڈ کے مرکز شہداء رفح پر تین میزائل داغے، جن میں مرکز کو غیرمعمولی نقصان پہنچا۔
ادھر اسرائیلی فوج نے اسی جگہ پر دو میزائل حملے کیے تھے جن میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
مقامی فلسطینی ذرائع کاکہنا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری کے دوران فلسطینی مجاھدین نے جوابی کارروائی کی۔
ان ذرائع کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے اینٹی ایرکرافت یونٹ نے اسرائيل کے طیاروں پر فائرنگ کی جس کے بعد وہ فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
فلسطین کی تحریک مزاحمت نے ہفتے کی شام کی بھی صیہونی حکومت کے ایک جاسوس ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا۔ یہ ہیلی کاپٹر، غزہ کے علاقے کی تصاویر بنا رہا تھا۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی غزہ میں اسرائیل کی نچلی پروازیں جاری ہیں جس کے نتیجے میں شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ فوج نے حماس کے عسکری مراکزپر بمباری کی ہے۔ یہ بمباری رفح میں ایک فلسطینی گروپ کی دراندازی کی کوشش اور فلسطینیوں کی جنگی مشقوں کے جواب میں کیے گئےہیں۔