رفح – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج نے جمعرات کی صبح رفح کے مقام پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم Â دو شہری شہید اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں متعدد بم گرائے جس کے نتیجے میں دو شہری شہید اور پانچ زخمی ہوگئے۔غزہ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بمباری سے دو فلسطینی شہید ہوئے ہیں جن کی شناخت 24 سالہ حسام حمید الصوفی اور 38 سالہ محمد انور الاقرع کے ناموں سے کی گئی ہے۔ دونوں کا تعلق جنوبی غزہ کے علاقے رفح سے ہے۔
مقامی Â فلسطینی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے مصر اور غزہ کے سرحدی علاقے میں بنائی گئی ایک سرنگ کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے دو شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
شہداء کے جسد خاکی اور زخمیوں کو رفح میں قائم یوسف النجار اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی بمباری سے چند گھنٹے قبل اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ جزیرہ نما سینا سے ایلات پر چار راکٹ داغے گئے جن میں سے تین راکٹوں کو اسرائیل کے آئرن ڈوم سسٹم سے تباہ کردیا گیا۔ جب کہ ایک راکٹ ایک ویران علاقے میں گر کر پھٹا ہے تاہم اس کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ مصری سرزمین سے بدھ کی شام ایلات (ام رشراش) شہر پر راکٹ حملے کیے گئے تاہم ان حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
دو روز قبل بھی اسرائیلی فوج نے توپ خانے اور جنگی جہازوں سے غزہ کی پٹی پر 19 حملے کیے تھے جس کے نتیجے میں متعدد مکانات تباہ ہوگئے تھے۔