(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں محکمہ شہری دفاع نے غزہ میں سونامی سے متعلق آنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے شہریوں سے کو اطمینان دلایا ہے کہ وہ سونامی سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے ساحل سے سونامی کے ٹکرانے کی خبریں قطعی بے بنیاد ہیں۔ فلسطینی حکام علاقائی اور عالمی اداروں سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں۔ اس حوالے سے کوئی اہم پیش رفت نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی سونامی کے کسی خطرے کا ڈر ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں سونامی کے آنے سے متعلق خبروں پرعالمی اداروں سے بات چیت کی گئی ہے مگر کہیں سےبھی اس کی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے واویلا مچار رکھا ہے کہ رواں ماہ کےوسط میں فلسطینی ساحل بالخصوص غزہ کے ساحل سے سونامی کی لہریں ٹکرانے والی ہیں تاہم عالمی سطح پر اس نوعیت کی خبروں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔