مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے میڈیا کو بتایا کہ مشتبہ بم دھماکے میں ابتدائی طور پر پانچ افراد کے شہید ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں شمالی غزہ میں کمال عدوان اسپتتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ادھر غزہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے کی جگہ شہریوں کی بڑی تعداد جمع تھی، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے۔
خیال رہے کہ جولائی کے وسط سے اب تک غزہ کی پٹی پر مسلط اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں تباہ کن بموں کا بھی بے دریغ استعمال کیا گیا ہے۔ شہرمیں جا بجا پھینکے گئے بموں میں کئی ناکارہ ہو گئے تھے تاہم لاعلمی میں انہیں چھیڑ چھاڑ کرنے سے دھماکے کا خطرہ موجود ہے۔ وزارت داخلہ نے شہریوں کو خبردار کر رکھا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک چیز کو دیکھ کر خود اسے ہاتھ لگانے سے گریز کریں اور متعلقہ حکام کو اس کے بارے میں مطلع کریں۔
