غزہ کے مقامی طبی ذرائع کے مطابق جمعہ کی شام قابض صہیونی فوجیوں نے بیت لاھیا کے قریب ایک ملٹری کنٹرول ٹاور سے گھر کے قریب ایک پارک میں کھیلتے بچے پر فائر کیا گیا۔ فائرنگ سے ایک گولی بلال ابو عمرو کی ٹانگ اور دوسری بازو میں لگی ہے۔ اسے شدید زخمی حالت میں غزہ کی پٹی میں "کمال عدوان” اسپتال منتقل کردیا گیا۔ آخری اطلاعات کے مطابق سرجری کے ذریعے مجروح کے جسم سے گولیاں نکال لی گئی ہیں اور اب اس کی حالت قدرے بہتر بتائی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں ایک سال قبل اسرائیل اور فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے درمیان مصر کی ثالثی کے تحت جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا مگر صہیونی فورسز کی جانب سے معاہدے کی آئے روز کھلے پیمانے پر خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں۔ غزہ کی پٹی میں بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ دن رات جاری رہتا ہے۔ مشین گنوں اور توپ خانے سے فائرنگ کے ساتھ ساتھ فضائی حملے اور میزائل حملے بھی اب روز کا معمول بن چکے ہیں۔