غزہ کی فلسطینی حکومت کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال نومبر میں اسرائیل کی غزہ پر جاری رہنے والی آٹھ روزہ بمباری میں تباہ ہونے والے ایک بریج کا افتتاح اگلے دو ہفتے کے دوران کر دیا جائے گا۔
وادی غزہ میں واقع اس بریج کی وجہ سے شمالی اور جنوبی غزہ کی علاقوں کے مابین سفر میں مشکلات پیدا ہوگئی تھیں۔
پبلک ورک اینڈ ہاؤسنگ کے وزیر یوسف الغزیز نے بتایا کہ اس بریج کا افتتاح اگلے دو ہفتوں میں ہوجائے گا۔ اس کے بڑے حصے کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے اور جلد ہی اسے پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے اس بریج کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس پل کی وجہ سے غز ہ سٹی کاتعلق وسطی علاقوں سے ہو جاتا ہے۔ یہ بریج غزہ کی مواصلات کے حوالے سے شہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے۔
فلسطینی وزیر نے بتایا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کا محاصرہ جاری رکھنے اور مختلف راہداریوں سے خوراک اور ادویات سمیت متعدد ضروری اشیا ء کی غزہ ترسیل پر پابندی کی وجہ سے اہل غزہ کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ چھ سال سے غزہ کی پٹی کی مکمل ناکہ بند کر رکھی ہے۔ جس کی وجہ سے یہاں بسنے والے ساڑھے سولہ لاکھ افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین