غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے منگل کے روز غزہ کے سمندر میں مچھلیوں کے شکار میں مصروف پانچ فلسطینی ماہی گیروں کو حراست میں لینے کے بعد گذشتہ روز رہا کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوج نے منگل کو غزہ کی پٹی کے ساحل سمندر میں ماہی گیری کرنے والے پانچ فلسطینیوں کو حراست میں لیا تھا۔ ان میں سے چار ماہی گیروں عبداللہ صبری بکر، ثابت محمد بکر، عمران محمد بکر، محمد صبری بکر کو بیت حانون گذرگاہ سے غزہ بھیج دیا گیا جب کہ انہی کے ساتھ حراست میں لیے گئے فلسطینی ماہی گیر محمد عمران بکر کو کچھ دیر بعد اسی گذرگاہ سے غزہ بھیجا گیا۔محمد عمران کو اسرائیلی فوج نے گرفتاری سے قبل گولیاں مار کر زخمی کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک گولی اس کے پھیھپڑوں کو چیرتی ہوئی پار ہوگئی تھی۔ اسے کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا جہاں مختصر دیکھ بحال کے بعد اسے اسپتال سے نکال دیا گیا۔