(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) حماس نے "طوفان الاحرار” معاہدے کے تحت پہلے مرحلے میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جیلوں سے 90 فلسطینی قیدیوں کی رہائی پر عوام، امت مسلمہ، اور دنیا کے آزاد لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں فلسطینی عوام کی قربانیوں اور مزاحمت کو خراجِ تحسین پیش کیا، اور عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی زمین، مقدسات اور قیدیوں کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
اتفاق کے تحت غزہ سے تین اسرائیلی خواتین قیدیوں کی رہائی عمل میں آئی، جب کہ فلسطینی قیدیوں کو مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم منتقل کیا گیا۔ رہائی کے بعد فلسطینی عوام نے قابض افواج کی سختیوں کے باوجود بیتونیا میں قیدیوں کا پُرجوش استقبال کیا۔
کتائب القسام کے ترجمان، ابو عبیدہ نے کہا کہ جنگ بندی معاہدہ دشمن کی پابندی سے مشروط ہے اور "طوفان الاقصیٰ” کی جدوجہد نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے خاتمے کی راہ ہموار کی ہے۔
