فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی مسلط کردہ حالیہ جنگ خود صہیونی فوج کے لیے بھی پیغام موت ثابت ہوئی ہے۔ فلسطینی تحریک مزاحمت کچلنے کی دعویدار فوجیوں کو بہادر فلسطینی عوام نےمنہ توڑ جواب دے کرنہ صرف اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا بلکہ فلسطینی مزاحمتی طاقت کا خوف بھی صہیونیوں کے دلوں پر بٹھا دیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ٹی وی "2” نے اپنی ایک رپورٹ میں اسی جانب اشارہ کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ غزہ جنگ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاتھوں مارے گئے فوجیوں کی لاشی دیکھ کر کئی فوجی اس حد تک خوف کا شکار ہوئے کہ انہوں نے خود کشی کر لی تھی۔
بدھ کو ٹی وی پر نشر ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق غزہ جنگ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی فائرنگ سے مرنے والے ساتھی فوجیوں کی لاشیں دیکھنے کے بعد فوجی دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ ان میں کچھ اس حد تک دلبرداشتہ ہوئے کہ خود کشی کر کے اپنی زندگی ہی ختم کر ڈالی۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ وہ اپنے دو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جنگ میں شریک تھا۔ فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں اس کا ایک ساتھی ہلاک ہو گیا۔ اس کی میت کو دیکھ کر دوسرا اس حد تک خوف زدہ ہوا کہ اس نے اپنی بندوق سے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
