مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق واشنگٹن میں اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں مسٹر سیری کا کہنا تھا کہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے فلسطینی قومی حکومت، اسرائیل اور اقوام متحدہ کے درمیان تعمیراتی سامان کی ترسیل کے حوالے سے اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ تینوں فریقوں کی باہمی مشاورت کے بعد غزہ کی پٹی کے لیے آئندہ ہفتے تعمیراتی سامان کی ایک بڑی کھیپ غزہ روانہ کی جائے گی۔
یواین مندوب کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کے تعاون سے غزہ کی پٹی میں جنگ سے متاثرہ25 ہزار خاندانوں کواپنے مکانات کی ازسرنو تعمیر یا مرمت کے لیے تعمیراتی میٹریل دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پہلی بڑی کھیپ آئندہ ہفتے مغربی کنارے سے غزہ منتقل کی جائے گی۔
رابرٹ سیری کا کہنا تھا کہ فلسطینی قومی حکومت کی طرف سے تعمیراتی سامان کی غزہ وصولی کی تصدیق کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پیش آئند چند ہفتوں کے اندر اندر غزہ کے تمام متاثرین تک امدادی اور تعمیراتی سامان پہنچا دیا جائے۔ اقوام متحدہ کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہم غزہ کی پٹی کی تعمیر نو میں مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہوسکتے اور نہ ہی حالات اس کی اجازت دیتے ہیں۔
انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے لیے امدادی سامان کی ترسیل میں رکاوٹیں کھڑی نہ کرے۔
خیال رہے کہ رواں سال جولائی اور اگست میں اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی اکاون روزہ جنگ کے نتیجے میں یزاروں کی تعداد میں رہائشی مکانات اور نجی اور سرکاری عمارات تباہ ہوگئی تھیں۔
