فلسطین کے جنگ سے تباہ حال علاقے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے بعد بیرون ملک سے امدادی وفود کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ غزہ وزارت داخلہ کے زیرانتظام ڈائریکٹوریٹ برائے ہیلتھ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اگلے چند دنوں میں الجزائر کا ایک اہم طبی وفد بھی غزہ کی پٹی کا دورہ کرے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق وزارت داخلہ کی ویب سائیٹ پر جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ الجیرین وفد میں ہڈیوں کی سرجری کرنے والے ڈاکٹر، چائلڈ اسپیشلسٹ، پلاسٹک سرجن اور دوسرے ڈاکٹر شامل ہوں گے۔
الجزائری میڈیکل وفد 09 ستمبر بروز پیر غزہ کی پٹی میں عبسان کے مقام پر الجیرین اسپتال میں مریضوں کا چیک اپ کرے گا۔ حکومت کی جانب سے غزہ کے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ ڈاکٹروں سے ملاقات کے لیے جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں قائم الجزائر کے اسپتال میں اپنا معائنہ کراسکتے ہیں۔
