اسرائیلی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ اتوار کو غزہ کی پٹی کی سرحد پراچانک لاپتا ہونے والے ایک فوجی "ڈیوڈ مناخیم گورڈون” کی گولیوں سے چھلنی لاش ملی ہے تاہم اسرائیلی پولیس کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا انہیں گورڈون کی لاش کہاں سے ملی۔
اسرائیلی ٹی وی 10 کی رپورٹ کے مطابق فوج کی جانب سے گذشتہ اتوار کو ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مقامی وقت کے مطابق رات بارہ بجے غزہ کی سرحد پر متعین ایک فوجی اچانک غائب ہو گیا ہے اور اس سے رابطہ بھی نہیں ہو پا رہا ہے۔ گذشتہ روز پولیس کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا کہ گورڈون مردہ حالت میں ملا ہے اور اس کے جسم پر گولیوں کے نشان ہیں۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا قتل کا یہ واقعہ کہاں اور کب ہوا ہے اور اس میں کون ملوث ہے۔
