اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے وسط اور شمال میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے دو گروپوں پر ہفتےکی شام ہیلی کاپٹروں اور ڈرون
طیاروں کے ذریعے حملہ کیا تاہم دونوں اہداف میں موجود فلسطینی مزاحمت کار مکمل طورپر محفوظ رہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے بغیر پائلٹ کے طیارے نے غزہ کے شمال مغرب میں الحزندار کے مقام پر فلسطینی مجاہدین کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا لیکن مجاہدین حملے سے کچھ لمحے قبل وہاں سے نکل جانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ ادھر غزہ کے وسط میں البریج کیمپ کے مشرق میں مقبولہ کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے توپخانےاور ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ کی تاہم اس حملے میں بھی فلسطینی مزاحمت کار محفوظ رہے۔ خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے گذشتہ ایک ہفتے سے غزہ کی پٹی پر بمباری شروع کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں اب تک کم سے کم پندرہ فلسطینی شہید اور ستر سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین