مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کی شام اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے شمالی غزہ میں بیت حانون کے مقام پر جنگی طیاروں سے دو میزائل داغے۔ میزائل ویران علاقے میں گرے جس کے نتیجےمیں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اس کے کچھ ہی دیر کے بعد صہیونی فوج نے توپخانے سے بھی گولہ باری کی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی ٹینکوں کے ذریعے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے کھیتوں پر گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں فصلیں اور کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
ادھر غزہ وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جمعرات کی شام اسرائیلی فوج نے غزہ پر زمینی اور فضائی حملے کیے ہیں تاہم ان میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ حملوں میں فصلوں اور کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے جمعرات کے روز دعویٰ کیا تھا کہ غزہ کی پٹی سے جنوبی فلسطین میں راکٹ حملہ کیا گیا ہے تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے غزہ کی پٹی پر گولہ باری راکٹ حملے کے جواب میں کی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین