مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد کےقریب بنے پانی کے چھوٹے ڈیموں کا منہ کھول دیا جس کے نتیجے میں غزہ کے سرحدی علاقے الشجاعیہ سمیت کئی دیہات زیرآب آگئے اور پانی کے ریلوں نے فلسطینی شہریوں کی فصلات اور باغات تباہ کر دیے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج نے الشجاعیہ کالونی کے مشرقی علاقے میں غزہ کی سرحد کے قریب واقع ناحل عوز سے پانی کے ڈیموں کا منہ کھول دیا جس کے نتیجے میں الشجاعیہ اور اس کے اطراف کئی دیہات زیرآب آگئے اور فلسطینیوں کی فصلیں اور باغات کو نقصان پہنچا ہے۔صہیونی فوج کی طرف سے غزہ کی سرحد پر ڈیموں کا پانی بغیر کسی پیشگی اطلاع کے چھوڑںے کا واقعہ پہلی بار سامنے نہیں آیا بلکہ برسات کے موسم میں صہیونی حکام فلسطینیوں کے خلاف اس طرح کی انتقامی کارروائیوں کی دانستہ طورپر منصوبہ بندی کرتے اور فلسطینیوں کی فصلوں اور باغات سمیت گھروں کو پانی میں ڈبو دیتے ہیں۔