غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف بدسلوکی کے واقعات کی تحقیقات میں مسلسل رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ہیومن رائٹس واچ کی جاری کردہ تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی پاسداری کے حوالے سے اسرائیل کے دعووں میں کوئی صداقت نہیں پائی جاتی۔ پیر کے روز سینتالیس صفحات پر مشتمل اس رپورٹ میں آیا ہے کہ اسرائیل، غیر ملکی تفتیش کاروں کو فلسطینیوں کے خلاف بدسلوکی کی تحقیقات کی غرض سے غزہ جانے سے روک رہا ہے۔ہیومن رائٹس واچ نے واضح کیا ہے کہ صیہونی حکومت کے اس دعوے میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ وہ از خود ان واقعات کی تحقیقات کر رہا ہے اور عالمی عدالت انصاف کی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔
انسانی حقوق کی عالمی ادارے نے مصر پر بھی الزام لگایا ہے کہ وہ ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کے تفتیش کاروں کو اپنی سرحد سے غزہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہا۔