غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے رات گئے شمالی غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہریوں کے دو الگ الگ گروپوں پر بغیر پائلٹ ڈرون طیاروں کی مدد سے بم باری کی تاہم ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی ڈرون طیاروں نے شمالی غزہ میں جبالیا کے مقام پر کاغذی جہاز اور گیسی غبارے اڑانے والے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا تاہم فلسطینی شہری معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی ڈرون طیاروں نے فلسطینیوں کے دو گرپوں کے قریب بم گرائے مگر کسی فلسطینی کے جانی نقصان کا کوئی اندیشہ نہیں۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی شہری 30 مارچ سے تحریک حق واپسی کے مظاہرے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مظاہرین آئے روز اسرائیلی کالونیوں کا آتش گیر کاغذی جہازوں کے ذریعے حملے کرتے ہیں۔