فلسطینی وزارت انصاف نے غزہ کی پٹی پر حالیہ اسرائیلی فوج کے حملوں کے خلاف اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے میں شکایت درج کروا دی ہے۔
وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اٹھارہ تا چوبیس جون کے عرصے میں غزہ پر لگاتار حملوں میں درجنوں افراد کو شہید اور زخمی کر دیا تھا۔
اسرائیلی بحری، بری اور فضائی حملوں میں کل سترہ فلسطینی شہید ہو گئے تھےجن میں چار بچے اور خواتین بھی شامل تھے۔ فلسطینی وزارت انصاف کی جانب سے جاری کردہ اور مرکز اطلاعات فلسطین کو موصول ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوج نے ان حملوں می غزہ کے مختلف سول اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ مزید برآں صہیونی ٹینکوں اور بلڈوزروں نے غزہ سٹی کی سرحد میں داخل ہو کر فلسطینیوں کی زرعی اراضی کو روندا، ادھر اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے مغربی ساحل پر سو کلومیٹر کی حدود کے درمیان مچھلیوں کا شکار کرنے والے فلسطینیوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔ اس موقع پر فلسطینی وزارت انصاف نے عالمی تنظیم سے اپیل کی کہ وہ انسانی حقوق کےجرائم میں مبتلا اسرائیل کو فوری سبق سکھائے اور اسرائیلی فوجی اور عسکری قیادت کے خلاف بھرپور کارروائی کرے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
