قابض صہیونی فوجیوں نے ہفتے کے روز فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر مزاحمت کاروں کے مراکز پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں تاہم ان میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔
رپورٹ کے نامہ نگار نے بتایا کہ صہیونی فوج کے جنگی طیاروں نے جنوبی غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے ایک کمپائونڈ پر دو میزائل حملے کیے ہیں۔ میزائل حملے میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے غزہ شہر میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی ہیں اور مکان سے دھوئیں کے سیاہ بادل بھی فضاء میں بلند ہوتے دیکھے گئے ہیں۔ تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔
اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں نے غزہ کی فضاء میں نچلی پروازوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس کے باعث شہریوں میں سخت خوف وہراس پایا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے تازہ حملے ایک ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب ہفتے کی شام صہیونی فوج کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ غزہ سے جنوبی فلسطین کے علاقے عسقلان میں ایک راکٹ داغا گیا تھا جسے اسرائیل کے خود کار نظام "آئرن ڈوم” نے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا تھا۔