(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی اشتعال انگیز دراندازی کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز بھی اسرائیلی فوج کے ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں مشرقی غزہ کی الشجاعیہ کالونی اور رفح کے مشرقی علاقے النہضہ سے غزہ میں داخل ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق مشرقی الشجاعیہ سے غزہ میں داخل ہونے والے اسرائیلی فوجی ٹینکوں کے ہمراہ کئی بلڈوزر اور کھدائی کرنے والی بھاری مشینیں بھی تھیں جنہوں نے سرحدی علاقوں میں 50 میٹر اندر تک کھدائی بھی کی۔ مقامی فلسطینی شہریوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی ’’ناحل عوز‘‘ نامی فوجی کیمپ کے قریب فلسطینی مزاحمت کاروں کی کھودی گئی زیرزمین سرنگوں کی تلاش کررہے تھے۔جنوبی غزہ میں رفح کے مقام پر النہضہ کالونی سے بھی اسرائیلی فوج نے غزہ میں دراندازی کی اور فلسطینی کسانوں پر فائرنگ بھی کی گئی تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں مل سکی۔