اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی پر وحشیانہ یلغار کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے بڑی تعداد میں یہودی کالونیوں پر راکٹ حملے کیے ہیں جس کے نتیجےمیں یہودی بستیاں لرز اٹھی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل کا غزہ کی سرحد اور یہودی بستیوں کے درمیان نصب خود کار راکٹ شکن نظام راکٹ حملے روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے زیرقبضہ علاقوں میں القدس بریگیڈ اور ناصر صلاح الدین بریگیڈ کے علاوہ کئی دیگر تنظیموں نے بھی راکٹ حملے کیے ہیں، جن سے یہودی آباد کاروں کو جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ مجاہدین نے اتوار کے روز غزہ کی ملحقہ کالونیوں”جیلات، زالیم، اسرائیلی فوجی اڈے اسدود،بئرسبع، یہودی کالونی فاکیم، اوریم، اور عسقلان میں 27 گراڈ اور نو ہاون طرز کے راکٹ فائر کیے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جب سے اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر تازہ جارحیت شروع کی ہے، القدس بریگیڈ کے جانثاروں نے دشمن کی تنصیبات پر ایک سو راکٹ فائر کیے ہیں، جس کے نتیجے میں اسرائیلی مکانات اور اسکولوں سمیت فوجی چھاؤنیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ادھرعوامی مزاحمتی کمیٹیز کے عسکری ونگ ناصر صلاح الدین بریگیڈ نے بھی اسرائیلی تنصیبات پر درجنوں راکٹ حملےکیے ہیں۔ ناصر بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مجاہدین نے اتوار کو130 ایم ایم توپ سے”سوخر” نامی اسرائیلی فوجی اڈے پر کاتیوشا راکٹ داغے، اس کے علاوہ عسقلان میں”گراڈ” طرز کے پانچ راکٹ حملے کیے گئے ہیں۔ اسدود اور بئرسبع کی کالونیوں میں مجاہدین کے داغے گئے راکٹ حملوں کے پھٹنے سے اسرائیلی فوج نے جانی ومالی نقصان کا اعتراف کیا ہے تاہم اس کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
ادھر اسرائیلی فوج کے غزہ کی پٹی اور اسرائیلی کالونیوں کے درمیان نصب راکٹ شکن نظام ایک مرتبہ پھر ناکام ہو گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے دیسی ساختہ راکٹ حملوں کی روک تھام کےلیےنصب کردہ سسٹم بری طرح فلاپ رہا ہے۔ سسٹم کو متحرک کرنے کے باوجود یہودی کالونیوں پر فلسطینیوں کے راکٹ حملے بدستور جاری ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین