غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) مصری حکومت کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد گذشتہ روز فلسطین کے علاقےغزہ کی پٹی پہنچا۔ مصری وفد نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی حکام اور اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور دیگر سیاسی جماعتوں کی قیادت سے ملاقات کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مصری وفد غزہ کی پٹی آنے سے قبل غرب اردن پہنچا تھا جہاں اس نے فلسطینی اتھارٹی کے حکام سے بھی بات چیت کی تھی۔ یہ وفد براہ راست مصر سے غزہ نہیں بلکہ اردن کے راستے غزہ پہنچا۔ گذشتہ شام مصری سرکاری وفد شمالی غزہ اور غرب اردن کے درمیان قائم بیت حانون گذرگاہ سے گذر کر غزہ پہنچا۔رپورٹ کے مطابق وفد میں فلسطینی اتھارٹی کے ہاں متعین مصری سفیر سامی مراد، انٹیلی جنس کے میجر جنرل ھمام ابو زید اور اس ادارے کے دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
نامہ نگار نے بتایا کہ وفد آج بدھ کو غزہ کی پٹی کی سرحدی گذرگاہوں کا کنٹرول قومی حکومت کے حوالے کیے جانے کی تقریبات میں شرکت کرے گا۔
قبل ازیں فلسطینی گذرگاہ امور کی ذمہ دار اتھارٹی کے ترجمان ھشام عدوان نے بتایا تھا کہ فلسطینی بنک کے ذریعے محصول چونگی کا انتظام قومی حکومت کے حوالے کردیا گیا ہے۔
