اسرائیلی اخبار’’یدیعوت احرنوت‘‘ کی رپورٹ کے مطابق فوج کی سائوتھرن کمانڈ کے سربراہ جنرل سامی ترجمان نے غزہ کی سرحد پر جنگی مشقوں کا حکم دیا تھا جس کے بعد فوج نے پچھلی رات جنگی مشقیں شروع کردی ہیں۔ دو روز تک جاری رہنے والی ان جنگی مشقوں میں فلسطینی چھاپہ مار دستوں سے نمٹنے کے طریقوں کے علاوہ متعدد دیگر جنگی تجربات کیے جا رہے ہیں۔
جنرل ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ کی سرحد پرفوجی مشقوں کا مقصد فوج کو کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے تیار رکھنا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ جنگی مشقوں کا موجودہ علاقائی حالات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے حال ہی میں مقبوضہ مغربی کنارے میں کئی سال بعد پہلی بار جنگی مشقیں کی تھیں جن میں فوج کے تمام شعبوں سے وابستہ اہلکاروں نے حصہ لیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
