غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے انسانی حقوق کے مرکز نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی جانب سے اس علاقے کے مکمل محاصرے کے نتیجے میں غزہ میں غربت میں پینسٹھ فیصد اضافہ ہوا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطین کے انسانی حقوق کے مرکز نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ غزہ میں بے روزگاری کی شرح میں سینتالیس فیصد اضافہ ہوا ہے اور اسّی فیصد باشندوں کو اپنی روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے کے لئے بیرونی امداد کی ضرورت ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صیہونی حکومت کے توسط سے غزہ کا دس سالہ محاصرہ ، اس علاقے کے باشندوں کی اقتصادی و سماجی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اسی طرح ستمبر دو ہزار سولہ کی عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں بے روزگاری کی شرح تینتالیس فیصد اور اس علاقے میں غربت کی شرح ساٹھ فیصد سے زیادہ ہے۔اسرائیل نے جنوری دو ہزار چھ سے فلسطینی انتخابات میں، فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی کامیابی کے بعد اس تحریک کو کچلنے کے مقصد سے غزہ کا فضائی، بری اور بحری محاصرہ کر رکھا ہے اور بین الاقوامی قوانین کی پروا کئے بغیر اس محاصرے کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس وقت رفح گذرگاہ وہ واحد مقام ہے جہاں سے غزہ کے باشندے بیرونی ممالک سے رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔