غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں سیکیورٹی حکام نے مصرکی سرحد پر سیکیورٹی کے جارہ سیکیورٹی پلان میں تبدیلی کرتے ہوئے اضافی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ میں سیکرٹری داخلہ اور نیشنل سیکیورٹی میجر جنرل توفیق ابو نعیم نے مصرکی سرحد سے متصل علاقوں کا دورہ کیا اور نئے سیکیورٹی اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔غزہ میں فلسطینی حکومت کے ترجمان ایاد البزم نے ایک بیان میں بتایا کہ جمہوریہ مصر کے ساتھ متصل غزہ کی پوری سرحد پر نئے سیکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سرحد پرتعینات تمام سیکیورٹی حکام کو نئے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری داخلہ توفیق انو نعیم نے گذشتہ روز مصراور غزہ کی سرحد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکیورٹی حکام کو نئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی حکام کو ہدایت کی کہ وہ سرحد کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اضافی اقدامات کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ مصر کے ساتھ غزہ کی سرحد پر امن وامان ہماری اولین ترجیح اور ہم کسی کو سرحدی علاقوں کی سیکیورٹی کے لیے خطرہ بننے کی اجازت نہیں دیں گے۔
خیال رہے کہ غزہ انتظامیہ کی طرف سے غزہ کی سرحد پر سیکیورٹی کے اقدامات ایک ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب حال ہی میں حماس رہ نما یحییٰ السنوار کی قیادت میں حماس کے وفد نے 9 دن تک قاہرہ میں مصری حکام سے مذاکرات کیے۔