غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی تازہ فائرنگ کے نتیجے میں کم سے کم دو فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی شام شمالی غزہ کے علاقے بیت لاھیا کی شمال مغربی کالونی میں پیش آیا۔فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں زخمی دونوں فلسطینیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ دونوں فلسطینیوں کو پیٹ، ٹانگوں اور کندھوں کے درمیان گولیاں لگی ہیں۔انہیں غزہ میں انڈونیشین اسپتال منتقل گیا ہے۔ ایک زخمی کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
قبل ازیں جمعرات کو اسرائیلی فوج نے اسی علاقے میں تو پ خانے سے گولہ باری کی تھی۔ اسرائیلی عبرانی ذرائع کےمطابق جمعہ کے روز شمالی غزہ سے ہلکے ہتھیاروں سے ساحلی شہر عسقلان کی طرف فائرنگ کی گئی تھی تاہم کسی فلسطینی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق گذشتہ شب عسقلان کے ساحل پر ایک راکٹ بھی گر کر پھٹا تاہم اس کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔