(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی بارڈر سیکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع البریج پناہ گزین کیمپ میں تین فلسطینی شہری زخمی ہو گئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے ایک بیان میں بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے غزہ کی پٹی کے البریج پناہ گزین کیمپ میں سرحد کے قریب احتجاجی مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں کم سے کم تین نوجوان زخمی ہوئے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے تینوں نوجوانوں کو غزہ کے مختلف اسپتالوں میں داخل کر دیا گیا ہے۔ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں نوجوانوں کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں، تاہم ان کا علاج جاری ہے۔
فلسطین نیوز کے نامہ نگار نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ اسرائیلی فوج نے مشرقی البریج میں ایک اسکول کے داخلی دروازے کے قریب احتجاج کرنے والے ایک فلسطینی گروپ پر فائرنگ کی، جس ک نتیجے میں دو فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو غزہ کی پٹی میں شہداء الاقصیٰ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔