(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض صہیونی فوجیوں کی جانب سے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں بلا جواز گولہ باری اور دراندازی کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کو علی الصباح غزہ کے مشرقی علاقے دیر البلح کی سرحد سے اسرائیلی فوج ٹینکوں اور بلڈوزورں کے ہمراہ کئی سو میٹر اندر داخل ہوئی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج کی جانب سے شہری آبادی اور کھیتوں میں فائرنگ بھی کی گئی تاہم اس کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ غزہ کے سرحدی قصبے دیرالبلح سے اسرائیلی فوج نے کئی سو میٹراندر دراندازی کی۔ اسرائیلی فوجی ٹینکوں اور پانچ بھاری مشینوں کے ہمراہ غزہ کے اندر داخل ہوئے۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ صہیونی فوج کے ’’ڈی 9‘‘ ماڈل کے چار بلڈوزر اور ایک ٹینک کیسوفیم گیٹ سےغزہ کے اندر داخل ہوئے اورالمغازی کیمپ کی طرف فائرنگ بھی کی۔